روس : خودکش بمبار عورت نے پولیس اہل کار کو ہلاک کردیا

روسی عہدےداروں نے کہا ہے کہ ایک خود کش بمبار عورت نے روسی جمہوریہ انگشتیہ میں ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس عورت نے جمعے کے روز قصبے ایکازہیوف میں ان پر گولیا ں چلانا شروع کیں اور جب انہوں نے جوابی فائرنگ کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ عہدے داروں کاکہنا ہےکہ زخمی پولیس اہلکار بعد میں دم توڑ گئے ۔

عہدے داروں نے کہاہے کہ اسی قصبے میں سیکیورٹی فورسز کےساتھ ایک اور مسلح جھڑپ میں تین اور عسکریت پسند ہلاک اور کم از کم دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

یہ واقعات روس کے شمالی قفقاز کےعلاقے میں تشدد کی تازہ ترین لہر کے سلسلے میں سامنے آئے ہیں ۔

اس ہفتے کے شروع میں جمہوریہ داغستان میں الگ بم دھماکوں میں 12 لوگ ہلاک اور ایک گاڑی پٹڑی سے اتر گئی تھی ۔ اور پیر کےر وز انگشتیہ کے قصبے کارا بولاک ایک خود کش بمبار نے کم از کم دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔