معروف برطانوی مزاح نگار روان ایٹکنسن کے شہرہ آفاق کردارمسٹر بین کی فلم 'بین' میں آپ نے ایک نادر پینٹنگ کا حشر تو دیکھا ہو گا۔ ایسا ہی کچھ روس میں کی ایک آرٹ گیلری میں ہوا جہاں ایک سیکیورٹی گارڈ نے نادر اور قیمتی پینٹنگ پر بال پین سے آنکھیں بنا دیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق روس کی ایک گیلری، یلٹسن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک کے آرٹ کے اعلی ذ خیرے سے ’’تھری فگرز‘‘ نامی پینٹنگ ادھار پر لی گئی تھی۔ اس پینٹنگ میں تین چہرے دکھائے گئے ہیں جن کے بال ہیں لیکن چہرے کے نقوش نہیں ہیں۔ سیکیورٹی گارڈ نے ان میں سے دو چہروں پر بال پین سے آنکھیں بنائی ہیں۔ 1930 میں بنائی گئی یہ پینٹنگ آرٹ کا نادر نمونہ سمجھتی جاتی ہے۔
گیلری کا کہنا ہے کہ پینٹنگ کو نقصان پہنچانے کا یہ واقعہ پچھلے برس دسمبر کی سات تاریخ کو پیش آیا۔ پینٹنگ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچانے والا گارڈ نجی سیکیورٹی کمپنی کے لیے کام کرتا تھا اور اس روز گیلری کی رکھوالی کے لیے متعین تھا۔
SEE ALSO: مافیا ڈان پابلو ایسکوبار کے پالتو دریائی گھوڑے جو اب کولمبیا کے لیے 'فالتو' ہیں
گیلری کے مطابق پینٹنگ کو واپس اپنی اصلی حالت میں لایا جا سکتا ہے۔ یلٹسن سینٹر کے مطابق یہ پینٹنگ ماسکو کی سرکاری گیلری کو بھیج دی گئی ہے جہاں اسے اصل حالت میں بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کےمطابق مذکورہ ڈرائیور کے خلاف ایک کریمنل کیس دائر کیا گیا ہے جس میں اسے تین ماہ تک سزا ہو سکتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس نادر پینٹنگ کی انشورنس کی مالیت تقریباً 10 لاکھ ڈالر ہے۔
اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لیا گیا ہے۔