آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس کی سیریز 'سیکریڈ گیمز' کے دوسرے سیزن کے اجرا کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے اور اس کا ٹریلر یوٹیوب پر بدستور ٹرینڈنگ میں ہے۔
سیکریڈ گیمز کا پہلا سیزن گزشتہ برس سامنے آیا تھا جس کو بہت شہرت ملی تھی۔ تاہم اس کے مکالموں میں نامناسب زبان کے استعمال پر اس سیریز کے پروڈیوسرز کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
سیکریڈ گیمز کا دوسرا سیزن 15 اگست کو بھارت کے یومِ آزادی پر اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگا۔ اس سیزن میں بھی نواز الدین صدیقی بدستور انڈر ورلڈ ڈان جب کہ سیف علی خان ایک پولیس افسر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ البتہ رادھیکا آپٹے کی جگہ کالکی کوچین اس سیریز کا حصہ بن چکی ہیں۔
اس سیریز کا پہلا سیزن آٹھ اقساط پر مشتمل تھا جس میں سیف علی خان ایک ایمان دار پولیس افسر (انسپکٹر سرتاج سنگھ) کا کردار اداکرتے نظر آئے جسے انڈر ورلڈ کا ایک ڈان نواز الدین صدیقی (گنیش گائیتونڈے) خود رابطہ کرکے کسی بڑے جرم کا بتاتا ہے۔
پوری سیریز میں ایمان دار پولیس افسر کے ساتھ پولیس ڈپارٹمنٹ میں روا رکھے جانے والے برے رویے اور افسر کی لگن کو دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس افسر کے والد جو کہ خود بھی کبھی پولیس افسر تھے، انڈر ورلڈ ڈان سے جیل میں اچھے رویے کے ساتھ پیش آئے تھے۔ اسی لیے وہ اس پولیس افسر سرتاج سنگھ کی مدد کرکے شہر کو بچانا چاہتا ہے۔ انڈر ورلڈ ڈان کو خود بھی موت کا خوف لاحق ہے۔
سیکریڈ گیمز کے دوسرے سیزن کی کہانی کیا ہوگی، یہ کہنا ابھی مشکل ہے۔ تاہم اس کا حصہ بننے والے اداکار بہت پر امید ہیں کہ یہ پہلے حصے سے زیادہ کامیاب ثابت ہوگا۔
تاہم سیکریڈ گیمز کے دوسرے سیزن کے ٹریلیر کا آغاز "ہیلو کون؟ باؤ آپ، گائیتونڈے بھائی کہاں ہو آپ؟' سے ہو رہا ہے، جس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ اگلے سیزن میں بھی انڈر ورلڈ ڈان گنیش گائیتونڈے مرکزی کردار ہوگا۔