سنجے لیلا بھنسالی اب ٹی وی پر ۔۔۔

saraswatichander

ان کا شو ’سرسوتی چندر‘ 25 فروری سے اسٹار پلس چینل سے پیش کیا جائے گا۔
بھارت میں بالی ووڈ فنکاروں اور فلمسازوں کا ٹی وی پر کام کرنا اب ایک روایت بن چکی ہے۔ عامر خان جیسے بڑے فنکار بھی ٹیلی ویژن پر اپنے فن کے جوہر آزما چکے ہیں۔ اور اب بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی ایک اور نمایاں شخصیت ٹیلی ویژن پر اپنے شو کے ساتھ آرہی ہے۔ جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں سنجے لیلا بھنسالی لی، جو رواں ماہ سے اپنا ٹی وی شو ’’سرسوتی چندر‘‘ پیش کریں گے۔

اس شو کے حوالے سے گزشتہ روز ایک تقریب کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا گیا جس میں رانی مکھرجی نے خاص طور پر شرکت کی۔ اسی تقریب میں شو کا پوسٹر بھی ریلیز کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ شو کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے بالی ووڈ فلموں کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے تیار کیا ہے۔

شو 25فروری سے اسٹار پلس سے پیش کیا جائے گا۔ رانی مکھرجی کا کہنا ہے کہ بھنسالی ان کے قریبی دوست ہی نہیں بلکہ پسندیدہ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

بھارتی جریدے ’دکن کرونکل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق رانی کا کہنا ہے کہ جس طرح ان کی فلمیں” دیوداس“، ”ہم دل دے چکے صنم“ اور ”بلیک “ وغیرہ زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئیں یہ شو بھی کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔

رانی مکھرجی اور بھنسالی فلم ”بلیک“ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔ شو کا بنیادی خیال ایک گجراتی ناول سے لیا گیا ہے۔ تقریب سے سنجے لیلا بھنسالی نے بھی خطاب کیا۔ رانی مکھرجی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک جتنی بھی فنکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے اُن میں رانی مکھرجی بہترین ہیں۔