سعودی عرب: میونسپل انتخابات میں خواتین اُمیدوار بھی کامیاب

امریکہ نے سعودی عرب کے میونسپل انتخابات میں خواتین کی شرکت اور اُن کے انتخاب کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ہفتے کو منعقد ہونے والے انتخابات کے لیے تقریباً 130,000 خواتین کا بطور ووٹر اندارج ہوا جو مرد رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد کا دسواں حصہ ہے۔

ہفتے کو ہونے والے انتخابات سعودی عرب کی مقامی کونسلوں کے تیسرے انتخابات تھے جن میں شہریوں نے حصہ لیا۔

قامی کونسلوں کی 2,000 نشستوں کے لیے تقریباً 6,000 امیدواروں میں سے تقریباً 900 خواتین تھیں۔

ووٹ کے اندراج کے لیے قائم مراکز کی دوری اور شناختی کارڈ کی شرط جو کئی خواتین کے پاس نہیں تھے اس عمل میں ان کی شرکت کے راستے میں رکاوٹ کا باعث بنے۔

اتوار کو جاری ہونے والے انتخابی نتائج کے مطابق ان انتخابات میں کم از کم 17 خواتین کامیاب ہوئی ہیں۔