سعودی عرب کے ولی عہد ابوظہبی کے دورے پر

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات سے اپنے دورہٴ متحدہ عرب امارات کا آغاز کیا۔ ابوظہبی آمد پر ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد نے اُن کا استقبال کیا۔

جب سے سعودی صحافی جمال خشوگی کی ہلاکت ہوئی ہے اُنھیں بین الاقوامی دباؤ کا سامنا رہا ہے، اور یہ اُن کا پہلا بیرونی دورہ ہے۔

ولی عہد سعودیہ کے قریب ترین اتحادی، متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔

ابو ظہبی کے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے نے جمعے کے روز خبر دی ہے کہ دونوں نے ’’برادرانہ اور حکمت عملی کے حامل تعلقات‘‘ پر بات چیت کی۔

دونوں ملک سال 2015 سے یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں، اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی قیادت میں سویڈن میں منعقد ہونے والی امن بات چیت میں شرکت کریں گے۔

حالیہ دورے کے دوران، ولی عہد بحرین اور مصر کا دورہ بھی کرنے والے ہیں، جس کے بعد وہ 30 نومبر کو ارجنٹینا میں منعقد ہونے والے ’گروپ آف 20‘ کے دور روزہ سربراہ اجلاس میں عالمی سربراہان کے ساتھ بالمشافیٰ ملاقات کریں گے۔