’مون گارڈنز‘ کراچی کو مسمار کرنے کا عدالتی فیصلہ معطل

عدالت نے فلیٹس مسمار کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس کے بلڈر کو پانچ کروڑ روپے نقد جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ عدالتی حکم کے مطابق، معاملہ پوری طرح حل ہونے تک عمارت کا کوئی بھی فلیٹ لیز نہیں کیا جائے گا

سپریم کورٹ نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک ٹین اے میں قائم ’مون گارڈنز‘ کو سیل کرکے مسمار کرنے کا سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ منگل کو عدالت عظمیٰ میں ریلوے کی زمین پر ناجائز قبضہ کرکے اس پر غیر قانونی طریقے سے رہائشی فلیٹس بنانے کے معاملے کی شنوائی ہوئی، جس کے دوران عدالت نے فلیٹس مسمار کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس کے بلڈر کو پانچ کروڑ روپے نقد جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق، معاملہ پوری طرح حل ہونے تک عمارت کا کوئی بھی فلیٹ لیز نہیں کیا جائے گا۔

ادھر پولیس نے مون گارڈنز کے بلڈر عبدالرزاق خاموش کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا اور کچھ ہی دیر بعد اس ضمانت پر چھوڑ دیا کہ ملزم بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوجائے گا۔

moon-garden_L02

پولیس نے میڈیا کو معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم، ملزم عبدالرزاق کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او شاہراہ فیصل کراچی کی سربراہی میں اسلام آباد پہنچی تھی۔ پولیس اہلکاروں نے عبدالرزاق خاموش کو حراست میں لے کر تھانہ سکریٹریٹ منتقل کیا تھا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ عبدالرزاق خاموش کراچی پولیس کو کئی مقدمات میں مطلوب تھا، ساتھ ہی اس پر دھوکا دہی اور جعلسازی کے بھی الزامات ہیں۔

ملزم کی گرفتاری کی خبر کا مون گارڈنز میں ’خیر مقدم‘ کیا گیا۔ خبر سن کر متاثرہ مکینوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ اس موقع پر مکینوں نے آپس میں مٹھایاں بھی تقسیم کیں۔

تھانہ سیکریٹریٹ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے عبدالرزاق خاموش کو وکلا کی جانب سے تحریری درخواست ضمانت پر رہا کیا ہے۔ وہ کل سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

عبدالرزاق خاموش نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے وکیل سے مشورہ کرنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔ فی الحال انہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ ان کے خلاف کیا کیس درج ہوا ہے اور عدالت نے کیا فیصلہ کیا ہے۔

متاثرہ رہائشی پروجیکٹ میں واقع فلیٹ کے ایک رہائشی نے عبدالرزاق خاموش کے خلاف تھانہ شاہراہ فیصل میں دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔