لاپتا چینی انجینئر کا تاحال سراغ نہیں مل سکا

فائل

پاکستان میں سی پیک اور دیگر منصوبوں پر اس وقت 20 ہزار کے لگ بھگ چینی کام کر رہے ہیں۔

پاکستان میں ایک ہفتے قبل لاپتا ہونے والے چینی انجینئرکی تلاش کی کوششوں کے باوجود ابھی تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے ۔

واضح رہے کہ وفاقی دارلحکومت اسلام اور راولپنڈی کے مضافات میں واقع کہوٹہ کے علاقے میں دریا پر جاری کروٹ پاور پروجیکٹ سے منسلک ایک سرنگ کی تعمیر پر کام کرنے والے چینی شہری پینگزولیو ایک ہفتے قبل لاپتا ہو گیا تھا۔

راولپنڈی پولیس کے ایک عہدیدار نے جمعرات کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 37 سالہ پینگزولیو گزشتہ تقریباً ایک سال قبل اس منصوبے پر کام کرنے کے لیے چین سے پاکستان آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتا ہوناوالے چینی شہری کے زیر استعمال موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے اور اس کی روشنی میں تحقیقات جاری ہے۔ تاہم انہوں نے کہا ابھی تک ایسا کوئی سراغ نہیں ملا کہ وہ کیسے لاپتہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا ہونے والے انجینئر کی تصاویر مختلف سیکورٹی اداروں کو فراہم کر دی گئی اور اس کے کوائف بھی پاکستان کےتمام ایئر پورٹس پر تعینات امیگریشن کے حکام کو فراہم کر دئے گئے ہیں تاکہ اگر وہ ملک سے باہر جانے کی کوشش کرے تو اسے روک لیا جائے۔

چین پاکستان اقتصادی راہدری (سی پیک )کے پاکستان میں جاری منصوبو ں اور دیگر منصوبوں پر لگ بھگ 20 ہزار چینی شہری کام کر رہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ جیسے جیسے مزید منصوبوں پر کام شروع ہو گا ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پاکستان نے سی پیک منصوبوں اور ان پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کئی موثر اقدا م کر رکھے ہیں اور اس سلسلے میں ایک خصوصی فورس تشکیل دینے کے ساتھ حکومت نے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اس کے باوجود پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو چینی سفارت خانے کی طرف سے اپنے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص احتیاط کرنے کی ہدایت بھی کی جاتی رہی ہے اور رواں ماہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کی طرف سے ایک غیر معمولی انتباہ جاری کیا گیا تھا جس میں پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں سے متعلق خبردار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں کوئٹہ سے دو چینی اساتذہ کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا اور اس کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

دوسری طرف پولیس کے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کیا کہوٹہ سے لاپتہ ہونا والے چینی شہری کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آیا یا گھر کی یاد ستانے کی وجہ سے وہ خود ہی لاپتہ ہو گیا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ہر پہلو سے اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔