صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ گذشتہ برس امریکہ کے سرکردہ نجی صنعتی اداروں نے 13 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جس کی مدد سے امریکہ میں ریکارڈ 32500 روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
پیر کے روز معیشت سے متعلق، ’سیلیکٹ یو ایس اے‘ فورم کے توسط سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ یہ فورم 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد معاشی افزائش کو فروغ دینا اور ملک بھر میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
صدر نے کہا کہ امریکہ سرمایہ کاری کے لیے ’محفوظ ترین، مضبوط تر اور درست ترین مقام کا درجہ حاصل کر چکا ہے‘۔
اُنھوں نے یاد دلایا کہ جب اُنھوں نے 2009ء میں حکومت سنبھالی، ملکی معیشت تاریخی کساد بازاری کی لپیٹ میں تھی۔
تاہم، اب گذشتہ 60 ماہ سے متواتر نجی شعبے میں روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں؛ جن کی کُل تعداد کا ذکر کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ نئے روزگار فراہم ہو چکے ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ نہ صرف ملکی نجی شعبہ، بلکہ بیرون ملک کے سرمایہ کار بھی امریکی معیشت میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جو بات خوش آئند ہی نہیں، بلکہ مزید ترقی اور خوش حالی میں اضافے کی ضامن ہے۔