امریکہ کے وزیرِ دفاع مارک ایسپر کی برطرفی کے ایک روز بعد محکمے کے پالیسی سے متعلقہ ایک اعلیٰ عہدیدار اپنے عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
منگل کے روز ایک خط میں استعفیٰ دیتے ہوئے پالیسی کے قائم مقام انڈر سیکرٹری آف ڈیفنس جیمز اینڈرسن نے کہا کہ اُن کا پینٹاگون میں کام کرنا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات تھی۔
انہوں نے خط میں کہا کہ "پہلے کی طرح اب ہماری دیرپا کامیابی کا دار و مدار اس امریکی آئین کی پاسداری کرنا ہے جس کی حفاظت اور حمایت کا تمام سول ملازمین وعدہ کرتے ہیں۔"
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے وزیرِ دفاع کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
صدر نے اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا تھا کہ وہ مارک ایسپر کی خدمات کے شکر گزار ہیں۔
انسداد دہشت گردی کے قومی مرکز کے ڈائریکٹر کرسٹوفر ملر اب قائم مقام وزیر کے فرائض سر انجام دیں گے۔
توقع کی جا رہی تھی کہ مارک ایسپر اگلے سال جنوری تک نئی انتظامیہ کو اقتدار کی منتقلی کے دوران اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔