بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے اداکار کی سیکیورٹی 'وائی پلس' کیٹیگری میں اپ گریڈ کر دی ہے۔
بھارتی اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق ریاست مہارشٹرا کی حکومت کو موصول ہونے والی تحریری شکایت میں درج تھا کہ شاہ رخ خان کو 'پٹھان' اور 'جوان' کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔
مہاراشٹرا حکومت کی ہدایت پر آئی جی وی آئی پی سیکیورٹی نے شاہ رخ خان کی سیکیورٹی کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔
'انڈیا ٹوڈے' کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کو مہیا کی جانے والی سیکیورٹی سروس کو نجی طور پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے یعنی اداکار متعلقہ اخراجات پورا کرنے کے ذمے دار خود ہوں گے، اس سلسلے میں شاہ رخ خان ریاستی حکومت کو رقم ادا کریں گے۔
SEE ALSO: 'جب آخری فلم فلاپ ہوئی تو متبادل کاروبار کا سوچ لیا تھا'وائی پلس سیکیورٹی ان افراد کو دی جاتی ہے جن کی جان کو زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ اس میں چھ پرسنل سیکیورٹی آفیسرز (پی ایس اوز) پورا دن تین شفٹوں میں کام کرتے ہیں، اس کے علاوہ پانچ مسلح گارڈز اس شخص کی رہائش گاہ پر بھی تعینات کیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکار سلمان خان کو بھی لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد ان کی درخواست پر وائی پلس سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
رواں برس شاہ رخ خان کی دو بلاک بسٹر فلمیں ریلیز ہوئیں تھیں۔ جنوری میں فلم 'پٹھان' سنیما گھروں کی زینت بنی تھی جس نے دنیا بھر سے لگ بھگ ہزار کروڑ سے زائد بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
گزشتہ ماہ شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' ریلیز ہوئی تھی جو اب تک دنیا بھر سے 1100 کروڑ بھارتی روپے کما چکی ہے۔