پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی بیٹی انشا اور شاہین شاہ آفریدی کے نکاح پر دونوں کو مبارک باد دی ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بیٹی آپ کے باغ کا سب سے خوب صورت پھول ہے۔
شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کا نکاح جمعے کو کراچی کی ایک مقامی مسجد میں ہوا، جس کے بعد ایک تقریب میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فخر زمان، نسیم شاہ شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ اداکار عدنان صدیقی، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سابق کپتان محمد حفیظ اور دیگرنے بھی تقریب میں شرکت کی۔
شاہد آفریدی کی جانب سے ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں نکاح کے بعد کی تصاویر شیئر کی گئیں جس میں ایک تصویر میں شاہین آفریدی اور انشا آفریدی موجود ہیں جب کہ دوسری تصویر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہین اور شاہد آفریدی کے ساتھ ہیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ''بیٹی آپ کے باغ کا سب سے خوب صورت پھول ہے کیوں کہ یہ بڑی برکت سے کھلتے ہیں۔''
انہوں نے کہا کہ ''بیٹی وہ ہے جس کے ساتھ آپ ہنستے ہیں، خواب دیکھتے ہیں اور دل سے پیار کرتے ہیں۔''
شاہد آفریدی نے کہا کہ بطور والد ''میں نے اپنی بیٹی کو شاہین آفریدی کے نکاح میں دے دیا۔''
شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ایک خط بھی شیئر کیا ہے جس میں اُنہوں نے شاہد آفریدی کو بیٹی کی شادی کی مبارک باد دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خط میں لکھا ہے کہ وہ مصروفیات کی وجہ سے شادی میں شریک نہیں ہو سکیں گے، لیکن وہ جوڑے کو مبارک باد دیتے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بھی ہفتے کو ٹوئٹ میں لوگوں کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار اور ان کا دن مزید خاص بنانے پر شکریہ ادا کیا۔
لیکن شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ یہ بہت مایوس کن ہے کہ بارہا درخواستوں کے باوجود ہماری پرائیویسی میں مداخلت کی گئی اور بغیر کسی وجہ کے تصاویر شیئر کی گئیں۔
شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کے نکاح کے بعد شاہین آفریدی کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات کی جانب سے بھی مبارک باد کے پیغامات جاری کیے گئے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے شاہد آفریدی کی بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کو نکاح پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنے پیغام میں شاہین آفریدی کو مبارک باد دی اور کہا کہ دعا ہے کہ آپ کی جوڑی کی برکت سے دنیا میں تمام جوڑوں کو خوش رکھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے شاہین اور انشا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کرسکے۔
شاہین آفریدی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔ لاہور قلندرز کی جانب سے بھی ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں مختلف کھلاڑیوں نے شاہین آفریدی کو نکاح کی مبارک باد دی۔