متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سپریم کونسل نے شیخ محمد بن زید النہیان کو صدر منتخب کر لیا ہے۔
فیڈرل سپریم کونسل نے ہفتے کو شیخ محمد بن زید النہیان کو متفقہ طور پر یو اے ای کا صدر منتخب کیا۔
خلیجی اخبار ‘گلف نیوز’ کے مطابق کونسل کی میٹنگ المشرف پیلس ابو ظہبی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کی جو کہ نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران ہیں۔
وزارت صدارتی امور کے جاری کردہ بیان میں کیا گیاہے کہ آرٹیکل 51 کے تحت شیخ محمد بن زید، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جگہ متفقہ طور پر یو اے ای کے صدر منتخب ہوئے۔
شیخ محمد بن زید کے صدر منتخب ہونے کے بعد نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے کراؤن پرنس اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے مبارک باد دی۔
شیخ محمد بن زید النہیان 11 مارچ 1961 کو پیدا ہوئے جو کہ یو اے ای کے بانی شیخ زید بن النہیان کے تیسرے بیٹے ہیں۔
انہوں نے اپنی باقاعدہ تعلیم یو اے ای اور برطانیہ سے حاصل کی جب کہ رائل ملٹری اکیڈمی سے 1979 میں گریجویشن کی۔
شیخ محمد بن زید ابو ظہبی کے تین نومبر 2004 کو کراؤن پرنس بنے جب کہ جنوری 2005 میں وہ یو اے ای کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر بنے۔
وہ مختلف عہدوں پر فائض رہے جس میں امیری گارڈ یو اے ای ایئر فورس بھی شامل ہیں۔
سال 1993 میں شیخ محمد زید یو اے ای آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف مقرر ہوئے اور 24 جنوری 1994 سے جنوری 2005 تک وہ لیفٹننٹ جنرل رہے جس کے بعد وہ جنرل کے عہدے پر فائض کیے گئے۔
سن 2003 میں شیخ محمد بن زید ابو ظہبی کے ڈپٹی کراؤن پرنس مقرر ہوئے۔ جس کے بعد 6 جنوری 2004 کو وہ ابو ظہبی ایگزیکٹو کونسل کے نائب چیئرمین اور اسی سال میں 9 نومبر کو چیئرمین بنے۔
شیخ محمد بن زید نے یو اے ای کی آرمڈ فورسز کو منصوبہ بندی، تربیت، تنظیمی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے تیار کیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ان کی براہِ راست رہنمائی اور قیادت نے یو اے ای کی مسلح افواج کو ایک اہم ادارہ بنایا جس کی بین الاقوامی عسکری تنظیموں کی طرف سے تعریف کی جاتی رہی ہے۔
انہوں نے کویت اور کوسوو میں یو اے ای کے امن دستوں کی بھی قیادت کی۔شیخ محمد بن زید اپنی فوجی تربیت کے ساتھ کمانڈنگ بکتر بند یونٹوں، گزیل ہیلی کوپٹر اسکوارڈرن، ایئر اسکول اور ایئر کالج کا تجربہ رکھتے ہیں۔
وہ یو اے ای کی فضائیہ کے کمانڈر، مسلح افواج کے نائب چیف آف اسٹاف اور چیف آف اسٹاف رہ چکے ہیں۔