شام کے حکومت مخالف خبررساں ادارے 'ثقہ' نے ہفتے کے روز اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شائع کی ہے جس میں صوبہ حلب کے شمال مغربی قصبے'درت عزت' پر ایک میزائل گرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فوٹیج میں دھماکے کی ایک زور دار آوا ز گونجتی ہے اور قصبے سے دھوئیں کے بادل اوپر اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔
شام کے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ روس اور شام کی سرکاری فورسز صوبہ حلب کے مغربی حصوں میں حکومت مخالفین کے ٹھکانوں پر مسلسل بم برسا رہی ہیں۔
شام کے سول ڈیفنس کے مطابق اس فضائی حملے میں کم ازکم تین افرا ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔
ایک اور خبر کے مطابق حلب پر روسی حکومت کی جانب سے باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری میں دیا جانے والا وقفہ ختم ہو گیا ہے۔
اگرچہ روس اور شام کے عہدے داروں نے وہاں رہنے والوں سے کہا ہے کہ وہ علاقہ چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے جائیں، لیکن مقامی نامہ نگاروں کے مطابق 2 لاکھ 75 ہزار کی آبادی میں سے کوئی ایک بھی وہاں سے نہیں گیا۔
ہفتے کے روزبرطانیہ میں قائم ، شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے گروپ نے کہا ہےکہ گذشتہ 8 دن کی لڑائیوں کے دوران 74 عام شہری مارے گئے جن میں 25 بچے بھی شامل ہیں۔
شام کی فوج نے کہا ہے کہ باغیوں کے حملوں میں پہلے تین دنوں میں 80 لوگ ہلاک ہوئے۔
علاقے کی صورت حال کے پیش نظر ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کرنا فوری طور پر ممکن نہیں ہے۔