شیو سینا سنجے دت کو معافی دینے کی مخالف

بھارتی سیاسی جماعت، شیو سینا نے سنجے دت کو معافی دیئے جانے کی مخالفت کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ، ایسے اقدام سے معاشرے کو غلط پیغام ملے گا
بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو جب سے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سزا ہوئی ہے، اسی وقت سے وہ مسلسل خبروں کی شہ سرخیوں میں ہیں۔

ایک جانب سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماوٴں نے مہاراشٹر کی حکومت سے سنجے دت کی سزا معاف کئے جانے کی درخواست کر رکھی ہے، تو دوسری جانب بھارت کے نجی ٹی وی چینلز ایک کے بعد ایک سنجے دت کی فلموں کی نمائش کا پروگرام تیار کئے بیٹھے ہیں۔

سنجے دت کے پاس چار ہفتوں کا وقت ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ سنجے کو چار ہفتوں کے اندر اندر خود کو قانون کے حوالے کرنا ہوگا۔

بھارت کی سیاسی جماعت شیو سینا نے سنجے دت کو معافی دیئے جانے کی مخالفت کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر سنجے دت کو معافی دی گئی تو اس سے معاشرے کو غلط پیغام ملے گا۔

بھارت کے موٴقر اخبار ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق شیو سینا کی ایک عہدیدار نیلم گورہے نے پیر کو قانون ساز کونسل میں ریاست مہاراشٹر میں امن و امان کے حوالے سے ہونے والی بحث کے دوران کہا کہ سپریم کورٹ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی کوئی ضرورت نہیں، اگر سنجے دت کو معافی دی گئی تو اس سے معاشرے کو غلط پیغام ملے گا۔

سپریم کورٹ نے 19مارچ کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سنجے دت کو پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

نیلم کا کہنا تھا کہ بہت سی سیاسی جماعتیں اور ان کے رہنما حکومت سے سنجے دت کی معافی کی اپیل کر رہے ہیں۔ لیکن، اگر اس کیس میں ہمددری کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ مقدمے کے ملزمان کو ’سیاسی پناہ‘ یا ’سیاسی حمایت‘ مل رہی ہے۔

ممبئی فلم انڈسٹری سے جڑی بہت سی شخصیات اور مقامی سیاستدانوں نے ریاستی سرکار سے سنجے دت کی سزا معاف کئے جانے کی درخواست کی تھی۔

قانون کے مطابق ریاستی گورنر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی مجرم کی سزا کوکم یا اسے یکسر معاف کرسکتا ہے۔

ٹی وی چینلز پر سنجے دت کی فلموں کی لائن

ایک اور اطلاع کے مطابق سنجے دت کے مسلسل خبروں میں رہنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کے متعدد نجی ٹی وی چینلز سنجے کی فلموں کی لائن لگانے والے ہیں۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلز مختلف فلمیں دکھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان فلموں میں ’صنم‘، ’منابھائی ایم بی بی ایس‘، ’واستو‘، ’ضد‘ اور ’اگنی پتھ‘ شامل ہیں۔