پاکستان کی وزیر برائے بہبودِ آبادی، فردوس عاشق اعوان نے دہلی میں اعلان کیا ہےکہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیےشعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی جوڑی پاکستان کی اعزازی سفیر ہوگی۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد ابھی پاکستان نہیں گئے کہ وہاں کی حکومت نے اس جوڑے کے لئے ایک ذمے داری طے کردی ہے۔
عام طور پر نئے جوڑے کی شادی کے ساتھ ہی دونوں کے خاندان نئے مہمان کا انتظار کرتے ہیں لیکن پاکستان کی وزارت بہبودِ آبادی نے آبادی میں اضافہ کو روکنے کی مہم کے لئے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر بہبودِ آبادی نے اعلان کیا کہ اِس اسٹار جوڑی کے پاکستان پہنچنے کے بعد اُن کی وزارت اُنھیں اعزازی سفیر کے طور پر مقرر کرے گی۔یہ اسٹار جوڑی پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو پانے میں حکومت سے تعاون کرے گی۔
نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں فردوس اعوان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک سرکاری تقریب منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پیدا شدہ گلیشئرکو پگھلانے میں اس شادی سے مدد ملی ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ چاہیں گی کہ ثانیہ پاکستان کے لئے کھیلیں، فردوس اعوان نے کہا کہ اس کا انحصار ثانیہ مرزا پر ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیر، شعیب اور ثانیہ کے شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے خاص طور پر پاکستان سے حیدرآباد دکن آیئں تھیں۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے ثانیہ مرزا کو سونے کا تاج پہنایا۔
پاکستان واپسی سے قبل منگل کو انہوں نے نئی دہلی میں کئی بھارتی رہنماوں سے ملاقات کی۔
یہاں، اِس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ شعیب ملک نے خود کہا کہ ثانیہ بھارت کے لئے کھیلیں گی اور ان کی توجہ آنے والے کامن ویلتھ اور ایشین گیمز میں بہتر مظاہرہ پر ہے۔
اِسی دوران منگل کے دن شعیب ملک کا پاسپورٹ عدالت نے جاری کردیا جو ان کے خلاف عائشہ صدیقی کے شکایت کے بعد ضبط کیا گیا تھا۔شعیب ملک اور ثانیہ دو تین دنوں میں پاکستان روانہ ہوں گے۔