سعودی عرب: محکمۂ تعلیم کے دفتر میں فائرنگ، چھ افراد ہلاک

فائل

واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد محکمۂ تعلیم کے ملازم ہیں۔

سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں ایک سرکاری دفتر میں فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان جنرل منصور ترکی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واقعہ جمعرات کو جنوبی صوبے جوزان کے علاقے الدیر بنی مالک میں واقع محکمۂ تعلیم کے مقامی دفتر میں پیش آیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد محکمۂ تعلیم کے ملازم ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ سعودی اخبار 'سبق' نے اپنی ویب سائٹ پر جائے واقعہ کی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں ایک چار منزلہ عمارت کے سامنے پولیس کی گاڑیاں اور ایمبولینسیں دیکھی جاسکتی ہیں۔

نسبتاً پرامن سعودی عرب میں حالیہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی کے کئی بڑے واقعات پیش آچکے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق سعودی حکام خطے کے دیگر ملکوں میں جاری محاذ آرائی سے جوڑتے ہیں۔

گزشتہ ماہ بھی سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں شیعہ اقلیت کی ایک مسجد پر بم حملے اور فائرنگ میں چار نمازی ہلاک ہوگئے تھے۔