یورپی یونین کی بحریہ کی فورس نے کہا ہے کہ صومالیہ کے قزاقوں نے دو ماہ قبل یونان کی ملکیت کے جس بحری جہاز کو پکڑا تھا اسے چھوڑ دیا گیا ہے ۔
بحریہ کے عہدے داروں نے اتوار کےروز کہا کہ تاوان کی رقم فضائی ذریعے سے جہاز پرپھینکی گئی تھی۔ عہدے داروں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ رقم کتنی تھی ۔
پناما کے پرچم والے بحری جہاز ایم وی نیوی یوز اپالون کو 28 دسمبر کو سی چیلیز کے مشرق میں لگ بھگ 400 کلومیٹرز کے فاصلے سے اس وقت اغوا کیا تھا جب وہ تھائی لینڈ جا رہا تھا۔
قزاقوں نے جہاز کے عملے کے 19 ارکان کو یرغمال بنا رکھا تھا جن میں 18 فلپائنی اور ایک یونانی باشندہ شامل تھا۔
جمعے کے روز قزاقوں نے سنگاپور کے پرچم بردارایک کیمیکل ٹینکر بحری جہاز اور اس کے عملے کے 24 ارکان کو تاوان کی وصولی کے بعد چھوڑ دیاتھا۔ قزاقوں نے اس بحری جہاز کو یکم جنوری کو خلیج عدن کے علاقے سے پکڑا تھا۔
صومالی قزاق گذشتہ دو برسوں کے دوران تاوان کی غرض سے بحری جہازوں کے اغوا سے لاکھوں ڈالر اکٹھے کرچکے ہیں۔