پہلا ٹیسٹ : جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

  • جنوبی افریقہ کو دوسری اننگز میں کامیابی کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا تھا۔
  • پاکستان نے 99 رنز پر میزبان ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا تھا۔
  • جینسن اور ربادا نے ٹیم کو کامیابی تک پہنچایا۔ جینسن 16 رنز جب کہ ربادا 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
  • دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 54 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ویب ڈیسک— جنوبی افریقہ نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں سینچورین کے میدان میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

میچ کے آخری روز میزبان ٹیم کو کامیابی کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کو آغاز ہی سے مشکلات کا سامنا تھا کیوں کہ اس کے ابتدائی تین کھلاڑی 19 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔

تاہم اوپننگ بلے باز مارکرم اور کپتان ٹیمبا باؤنا نے ٹیم کو سہارا دیا۔ لیکن مارکرم بھی 62 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 96 رنز پر مزید ایک وکٹ گری اور اور 99 رنز پر جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ یوں رنز99 پر میزبان ٹیم کے آٹھ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد مارکو جینسن اور ربادا نے ٹیم کو کامیابی تک پہنچایا۔ جینسن 16 رنز جب کہ ربادا 31 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی آفریقہ نے دوسری اننگز میں 40ویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے جب کہ کامیابی کے لیے 148 رنز درکار تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 54 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 84 رنز شکیل سعود نے بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کے مارکو جینسن نے 52 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 301 رنز بنائے تھے جس میں مارکرم کے 89 رنز کی اننگز شامل تھی جنہوں نے 15 چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 54 رنز کامران غلام نے بنائے تھے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کے ڈین پیٹریسن نے پانچ جب کہ بوش نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

سینچورین ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

دونوں ٹیموں میں دوسرا ٹیسٹ میچ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں تین سے سات جنوری کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق فائنل میں اس کا مقابلہ ممکنہ طور پر آسٹریلیا یا بھارت میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آئندہ برس 11 سے 15 جون 2025 کو برطانیہ کے شہر لندن میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

سینچورین میں ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا تھا۔ یہ کسی بھی ٹیم کا جنوبی افریقہ کو اس کی اپنی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں پہلی بار وائٹ واش تھا۔

ون ڈے سیریز سے پہلے دونوں ٹیموں میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہوئی تھی جس میں تین میں سے دو میچ ہو سکے تھے۔ آخری میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔

البتہ ابتدائی دونوں میچوں میں جنوبی افریقہ کو کامیابی ملی تھی جس کے بعد یہ سیریز میزبان ٹیم نے دو صفر سے اپنے نام کر لی تھی۔