جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہاہے کہ وہ لیبیا کے مستقبل پر ہونے والی پیرس کانفرنس کا بائیکاٹ کررہے کیونکہ وہ مسائل کے شکار اس ملک میں نیٹو کی فوجی مداخلت پرناخوش ہیں۔
جمعرات کے روز ناروے کے سرکاری دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر زوما نے اقوام متحدہ کی جانب سے لیبیا میں نوفلائی زون پر عمل درآمد کے سلسلے میں نیٹو کے فضائی حملوں کامسئلہ اٹھایا۔
صدر زوما نے یہ الزام بھی لگایا کہ مختلف ممالک لیبیا کے مستقبل کے معاملے پر سبقت لینے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئے لیبیا کی تعمیر کے لیے اقوام متحدہ کو افریقی یونین کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہیے۔
ایک اور خبرکےمطابق کینیا نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ اس نے معمر قذافی کی حریف سیاسی قوت ’قومی عبوری کونسل‘ کو تسلیم کرلیا ہے۔
جمعرات کو وائس آف امریکہ کو بھیجے گئے ایک بیان میں کینیا کی وزارت خارجہ نے کہا کہ کینیا کی جانب سے قومی عبوری کونسل کو تسلیم کیے جانے کا تاثر غلط ہے۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ کینیا ایسے سیاسی مذاکرات کے حق میں ہے جس میں تمام گروپوں پر مشتمل لیبیا کی عبوری حکومت کے قیام میں مدد ملے۔