جنوبی ایشیا میں کم بارشوں کی پیش گوئی

فائل

ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ معمول سے کم بارشوں کے نتیجے میں جنوبی ایشیائی ممالک – خصوصاً بھارت اور پاکستان– میں اہم فصلوں اور اجناس کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔
بین الاقوامی ماہرینِ موسمیات پر مشتمل ایک گروپ نے پیش گوئی کی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث جنوبی ایشیا کے ممالک میں رواں سال مون سون کے دوران معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔

ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ معمول سے کم بارشوں کے نتیجے میں جنوبی ایشیائی ممالک – خصوصاً بھارت اور پاکستان– میں اہم فصلوں اور اجناس کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔

عالمی تنظیم برائے موسم (ڈبلیو ایم او) سے منسلک ماہرینِ موسمیات کے ایک گروپ نے بدھ کو بھارت کے شہر پونا میں ایک تقریب میں جنوبی ایشیا کے آئندہ موسم سے متعلق پیش گوئیوں پر مشتمل رپورٹ جاری کی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے محکمۂ موسمیات کے اعلیٰ عہدیدار ڈی ایس پائے نے بتایا کہ ماہرین موسمیات متفق ہیں کہ رواں برس مون سون کے دوران جنوبی ایشیائی ممالک کے موسم میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر اس سال سری لنکا، بھوٹان اور پاکستان کے کچھ علاقوں میں معمول سے کم جب کہ بنگلہ دیش، نیپال اور افغانستان میں معمول کے مطابق بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ برِ صغیر کے ممالک میں مون سون کا دورانیہ تین سے چار ماہ تک ہے جس کے دوران ان ممالک میں خوب بارشیں ہوتی ہیں جن پر ان ملکوں کی زراعت کا بڑی حد تک انحصار ہے۔

ماہرینِ موسمیات کا خیال ہے کہ مون سون میں معمول کے مطابق بارشیں نہ ہونے کے نتیجے میں ان ملکوں کو نہ صرف خشک سالی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے بلکہ فصلوں اور اجناس کی پیداوار متاثر ہونے کے باعث قحط کی صورتِ حال بھی جنم لے سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک گندم، چاول، سویا بین اور گنے کے بڑے برآمد کنندہ ہیں۔ لہذا خدشہ ہے کہ پانی کی کمی کے باعث فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کے اثرات صرف ان ممالک تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا کے کئی ممالک غذائی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ماہرینِ موسمیات کی رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر بحرالکاہل کی سطح کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کے زیرِ اثر آنے والے برسوں میں آسٹریلیا، جنوب مشرقی ایشیا اور بھارت میں سخت خشک سالی جب کہ وسط مغربی امریکہ اور برازیل میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔