ثانیہ مرزا اور ابتہاج محمد دنیا کی 100 با اثر شخصیات میں شامل

ثانیہ مرزا

ثانیہ مرزا

فہرست کے مطابق ثانیہ مرزا دنیا کی با اثر 'آئیکن شخصیات کے زمرے میں شامل ہیں جبکہ امریکی شمشیر زن ابتہاج محمد کو پائنیر کہلائی جانے والی دنیا کی با اثر شخصیت کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔

امریکہ کے معروف جریدے 'ٹائم' نے 'دنیا کی 100با اثر شخصیات کی فہرست' جاری کردی ہے جس میں ٹینس کی نمبر ایک ڈبلز کھلاڑی ثانیہ مرزا اور امریکہ کی قومی فینسنگ ٹیم کی کھلاڑی ابتہاج محمدکا نام بھی شامل ہے۔

سال 2016 کی سو بااثر شخصیات کے ناموں کی تازہ ترین فہرست جمعرات کو شائع ہوئی جس کے مطابق شخصیات کو پائنیر، آئیکن، فنکار، لیڈر اور عظیم افراد کے زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق ثانیہ مرزا دنیا کی با اثر 'آئیکن شخصیات کے زمرے میں شامل ہیں جبکہ امریکی شمشیر زن ابتہاج محمد کو پائنیر کی حیثیت سےدنیا کی با اثر شخصیت کے طور پر نامزد کیا گیا۔

دریں اثناء دنیا کے بااثر فنکاروں کے زمرے میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور برطانوی گلوکارہ اڈیل کا نام شامل ہے۔

ان کے علاوہ دنیا کے با اثر رہنماؤں کے زمرے میں امریکی صدر براک اوباما، کینڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سمیت آنگیلا مرخیل اور جان کیری کے علاوہ روسی صدر ولادیمر پوٹن کا نام شامل ہے۔

ٹینئس اسٹار ثانیہ مرزا : ثانیہ بھارت کی پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جنھوں نےخواتین ڈبلز میں عالمی نمبر ون کھلاڑی کی رینکنگ حاصل کی ہے۔

دنیا کی نمبر ایک ڈبلز جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے رواں برس اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ 41 میچز تک دراز کر لیا ہے۔ وہ تین گرینڈ سلم ایونٹس جیت چکی ہیں۔

ثانیہ مرزا اپنی ساتھی مارٹینا کے ہمراہ

ثانیہ مرزا اپنی ساتھی مارٹینا کے ہمراہ

ثانیہ اور مارٹینا کی جوڑی نے ومبلڈن ،یو ایس اوپن، برسبین ،سڈنی اور آسٹریلین اوپن سمیت سینٹ پیٹرزبرگ میں ویمن ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

ٹائم کی فہرست کے لیے ثانیہ مرزا کی پروفائل بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے لکھی ہے۔

سچن ٹنڈولکر لکھتے ہیں کہ جب کلائی کی چوٹوں کی وجہ سے ثانیہ کا ٹینس میں سنگلز کیرئیر کا خواب پورا نا ہوسکا، تو اس نے عزم اور لگن کے ساتھ خود کو ڈبل کھلاڑی کے طور پر تیار کیا اور آج وہ اور ان کی سوئس ساتھی مارٹینا ہنگس دنیا کی نمبر ایک ڈبل جوڑی ہے۔

ثانیہ مرزا جنوبی ایشیائی خطے کے لیے اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں۔

انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2003 میں کیا۔ ٹینس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انھیں بھارت کی حکومت کی طرف سے اب تک پدما شری اور کھیلوں کے سب سے بڑے انعام راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ سمیت حال ہی میں ملک کے تیسرے اعلی ترین سول اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔

شمشیر زن ابتہاج محمد: ابتہاج محمد دنیا کی بہترین فینسر میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سال ریو ڈی جینرو میں ہونے والے موسم گرما کے اولمپک مقابلے میں امریکہ کی نمائندگی کریں گی۔

30سالہ ابتہاج محمد کو شمشیر زنی کے عالمی مقابلوں میں امریکہ کی نمائندگی کرنے والی واحد مسلمان خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ابتہاج محمد

اس کے علاوہ وہ فینسنگ کی پہلی مسلمان کھلاڑی ہیں جو اولمپک کھیلوں میں حجاب پہن کر تلوار بازی کے مقابلے میں امریکہ کی نمائندگی کریں گی۔

تین بار آل امریکن چیمپیئن رہنے والی ابتہاج تلوار بازی کی ماہر خواتین کی رینکنگ میں گیارہویں نمبر پر ہیں۔ انھوں نے تیرہ برس کی عمر میں اسکول کی فینسنگ ٹیم کی طرف سے کھیلنا شروع کیا تھا۔

ابتہاج محمد کی پروفائل کے مطابق وہ بچپن سے اپنے دوستوں کے مقابلے میں زیادہ توانا اور مضبوط تھیں۔ وہ اپنے مذہب کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہیں اسی لیے انھوں نے فینسنگ یا چھوٹی تلوار کے ساتھ لڑائی کا کھیل منتخب کیا جس کے کھلاڑیوں کے لباس نے انھیں بے حد متاثر کیا تھا۔