جنوب وسطی سری لنکا میں مٹی کا تودا گرنے سے کئی مکانات ملبے تلے دب گئے جس سے 10 افراد ہلاک جبکہ 250 لاپتا ہو گئے ہیں۔
دارالحکومت کولمبو سے 192 کلومیٹر کے فاصلے پر ہلدم ملا نامی گاؤں میں شدید بارشوں کی وجہ سے مٹی سرکنے سے یہ حادثہ ہوا۔
اطلاعات کے مطابق صبح اسکول جانے والے بچوں نے واپسی پر اپنے گھروں کو مٹی تلے دبے ہوئے دیکھا۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ترجمان پردیپ کودپیپلی نے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں 10 لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جبکہ ان کے بقول اب بھی 250 افراد لاپتا ہیں اور 140 مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے وزیر مہندا اماراویرا نے کہا کہ مٹی کا تودہ تین کلومیٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کے لوگوں کو پہلے ہی سے مٹی کے تودے کے خطرے کے متعلق آگاہ کر دیا تھا لیکن ان میں سے اکثر نے اس انتباہ کی طرف توجہ نہیں دی۔
سری لنکا میں حالیہ بارشیں مون سون کے موسم کی وجہ سے ہیں جو ملک میں اکتوبر سے دسمبر تک جاری رہتا ہے۔