کرکٹ کے دسویں عالمی کپ کے فائنل میچ میں بھارت سے شکست کے بعد سری لنکا کی ٹیم کے کپتان کمار سنگاکارا نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنگاکارا نے قومی سلیکٹرز سے پیر کو ملاقات کرکے اُنھیں آگاہ کیا کہ وہ ایک روزہ اور ٹوئینٹی ٹوئینٹی میچوں کے لیے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے فی الفور دستبردار ہو رہے ہیں لیکن وہ عارضی طور پر ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔
تینتیس سالہ بلے باز اور وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے یہ فیصلہ حالیہ عالمی کپ سے قبل ہی کر لیا تھا۔
سنگاکارا نے بتایا کہ 2015ء میں ہونے والے آئندہ عالمی کپ کے وقت اُن کی عمر 37 برس ہو گی جس کے باعث اُن کی قومی ٹیم میں شمولیت بھی غیر واضح ہے۔
اُن کے بقول ”انتہائی غوروفکر کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچاہوں کہ یہ ٹیم کے بہترین طویل المیعاد مفاد میں ہو گا کہ میں قومی کپتان کے عہدے سے مستعفی ہو جاؤں تاکہ عالمی کپ 2015ء کے لیے نئے کپتان کی موثر تربیت کی جا سکے۔“
اُنھوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کے لیے بہتر ہوگا کہ اُس کی قیادت ایک ایسا کھلاڑی کرے جو چار سال بعد ہونے والے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلوں کے وقت اپنے کھیل کے عروج پر ہو۔
سری لنکا کرکٹ یا قومی سلیکٹرز کی جانب سے سنگاکارا کے فیصلے پر تاحال کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔
سنگاکارا کا کہنا تھا کہ وہ فی الوقت بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، بشرطیکہ کارکردگی اور جسمانی فٹنس کے مسائل آڑھے نا آئیں۔
سنگاکارا نے تاحال اپنے ٹیسٹ کریئر میں 94 میچ کھیل کر 8,244 رنز بنائے ہیں، جن میں 24 سنچریاں شامل ہیں۔ مزید براں وہ 291 ایک روزہ میچوں میں 11 سنچریوں سمیت 9,164 رنزبنا چکے ہیں۔