لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں میں سے پانچ سو سے زائد افراد کو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا ہے جب کہ دیگر کو بھی وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع ہے۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر قومی فضائی کمپنی 'پی آئی اے' کے خصوصی طیارے کے ذریعے 509 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔
بیان کے مطابق دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کو لیبیا سے مختلف راستوں سے پڑوسی ممالک منتقل کیا جاچکا ہے۔
لیبیا میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وہاں لگ بھگ 18000 پاکستانی مقیم ہیں۔
ان افراد کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق اس وقت لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر انتظام امدادی کیمپوں میں 1200 سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے ہی دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ لیبیا میں مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع کی گئی تاکہ درست اعدادو شمار کا اندازہ لگا کر ان کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جاسکیں۔
لیبیا میں صورتحال کی وجہ سے متعدد ممالک اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو وہاں سے نکال چکے ہیں اور اس کے لیے خاص طور پر پڑوسی ملک تیونس کا راستہ استعمال کیا جارہا ہے۔
لیبیا میں ہوائی اڈے بند ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کو بھی تیونس کے راستے ہی وطن واپس لایا جائے گا۔