اراضی قوانین میں ترمیم: کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال
علاقے کی اراضی قوانین میں کی گئی ترمیم کے خلاف سیاسی جماعتوں نے مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی حکومت کے اس اقدام کے خلاف سرینگر اور جمّوں میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
اس اقدام سے قبل ریاست میں رائج قوانین کے تحت ہر قسم کی اراضی اور غیر منقولہ جائیدادوں پر صرف جموں و کشمیر کے پشتنی یا مستقل باشندوں کو ہی مالکانہ حقوق حاصل تھے اور وہی اس کی خرید و فروخت کر سکتے تھے۔
نئے اراضی قوانین کے خلاف وہ جماعتیں بھی احتجاج کر رہی ہیں جو بھارت کے حکومتی حلقوں کے قریب سمجھی جاتی ہیں۔
بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا کہنا ہے کہ ترمیم شدہ قوانین کسی بھی شخص کو اپنی زمین اور جائیداد بیرونی افراد کو بیچنے کے لیے مجبور نہیں کرتے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان ترامیم کا مقصد علاقے میں ترقی اور امن کو فروغ دینا ہے۔