ایک نئی تحقیق کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں ہر برس پانچ لاکھ افراد ایسی بیماریوں کے ہاتھوں موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جن کا براہ ِراست تعلق تمباکو نوشی سے ہے۔
ماہرین کے مطابق ان بیماریوں میں پھیپھڑوں کا کینسر اور دل کے امراض شامل ہیں۔
امریکن کینسر سوسائیٹی سے منسلک وبائی امراض کے ماہر اور اس تحقیق کی سربراہی کرنے والے برائین کارٹر کا کہنا ہے کہ، ’ہمیں اندیشہ ہے کہ اس تعداد میں مزید 60 ہزار افراد کا اضافہ ممکن ہے۔ میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ تمباکو نوشی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد اور شرح موٹر سائیکل کے حادثات یا انفلوئنزا وائرس سے ہونے والی اموات سے بھی زیادہ ہے‘۔
یہ تحقیق طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع کی گئی۔
اس تحقیق میں 2000ء سے 2011ء تک سگریٹ نوشی کرنے والے دس لاکھ سے زائد افراد سے ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور ان کا تجزیہ ایسے افراد کے طبی ڈیٹا کے ساتھ کیا گیا جو سگریٹ نوشی نہیں کرتے۔
ڈیٹا کے تجزیئے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جو لوگ سگریٹ نوشی کرتے تھے ان میں موت کا امکان، سگریٹ نوشی سے پرہیز کرنے والوں کی نسبت دو گنا زیادہ تھی۔
برائین کارٹر کہتے ہیں کہ سگریٹ نوشی کے باعث ہونے والے امراض میں وبائی مرض، گردوں کے امراض اور پروسٹیٹ اور چھاتی کا سرطان بھی شامل ہے۔