پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں ایونٹ کی نئی ٹیم ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے میچ جیتنے کے لئے 152 رنز کا ہدف دیا تھا، جو ملتان سلطانز نے باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ بولرز نے درست ثابت کیا اور صرف 4 رنز پر کامران اکمل کو محمد عرفان نے بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیج دیا۔ تمیم اقبال بھی محمد عرفان کا شکار بنے اور 11رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اوپنر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی دباؤ کا شکار ہوگئی اور 10 اوورز میں 57 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیوائن اسمتھ 24 رن بنا کر عمران طاہر کی گیند پر پولارڈ کو کیچ کیا۔
محمد حفیظ اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 101 رن تک پہنچا دیا، اس موقع پر حارث سہیل 14 رنز بنا کر محمد حفیظ کا ساتھ چھوڑ گئے۔
حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ڈیرن سیمی محمد حفیظ کا ساتھ دینے میدان میں اترے، لیکن دونوں بیٹسمین لمبی شراکت قائم نہ کرسکے اور محمد حفیظ رنز کی رفتار تیز کرنے کی کوشش میں جنید خان کی گیند پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
ڈیرن سیمی 11گیندوں پر 29 رنز کی دھواں دار اننگز پر آؤٹ ہوئے، یوں پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے محمد عرفان نے دو جبکہ سہیل تنویر، جنید خان، عمران طاہر اور ہارڈس ولجوئن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور صرف سات رنز کے ٹوٹل پر احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اننگز کی ابتداء ہی میں نقصان کے بعد صہیب مقصود بیٹنگ کے لئے آئے اور کمار سنگا کارا کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 47رنز بنائے۔ صہیب مقصود نے 21 رنز بنا کر محمد اصغر کی گیند پر جورڈن کو کیچ دے دیا۔
سنگاکارا 57رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کپتان شعیب ملک 42 اور پولارڈ 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہے اور ملتان سلطانز نے میچ 7وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
ایونٹ میں جمعہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کا مقابلہ لاہور قلندر سے ہوگا۔