بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کرتارپور گردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد بھارت واپس پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ یاترا بہت اچھی رہی۔ وہاں کے لوگ بہت اچھے تھے۔ انہوں نے بہت زیادہ پیار دیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ جنوبی ایشیا میں امن کا نقطہ آغاز ہے‘‘۔
سنی دیول سیاست میں آنے کے بعد بھارتی وزیر اعظم کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن ہیں۔ وہ گورداسپور سے بھارتی پارلیمان کے رکن بھی ہیں۔ وہ بھارتی فلموں کے اداکار دھرمندر کے بیٹے اور اداکار بابی دیول کے بھائی ہیں۔
چالباز، ڈر، غدر، یملا پاگل دیوانہ، ضدی اور بارڈر جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سنی دیول کرتارپور گوردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی غرض سے بھارت سے آنے والے پہلے سرکاری جتھے کے رکن تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ یہ بھائی چارہ اسی طرح قائم رہے اور دونوں ملک محبت اور رواداری کے ساتھ ایک ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’ہم لڑ کر آخر کیا حاصل کر سکتے ہیں‘‘۔
کرتارپور کوریڈور پاکستانی پنجاب کے شہر نارووال میں موجود گوردوارہ دربار صاحب کو بھارتی پنجاب کے شہر گورداسپور کے گردوارے سے ملاتا ہے۔ گوردوارہ دربار صاحب وہ مقام ہے جہاں سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک نے اپنی زندگی کے آخری سال گزارے تھے۔