سپر ماریو ایک ایسا مشہور ویڈیو گیم ہے جو ہم میں سے اکثر لوگوں نے اپنے بچپن میں ضرور کھیلا ہو گا اور اگر نہیں کھیلا تو نام تو سنا ہی ہو گا۔ سن 1985 میں ریلیز ہونے والا یہ گیم اب بھی خاصا مقبول ہے اور اس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
امریکہ میں جمعے کو ہونے والی ایک نیلامی میں 'سپر ماریو برادرز' کی 1985 کی ایک ابتدائی اور سیلڈ کاپی ایک لاکھ 14 ہزار ڈالرز کے عوض نیلام کی گئی ہے جس کے بعد یہ گیم دنیا کا سب سے مہنگا فروخت ہونے والا گیم بن گیا ہے۔
اس سے قبل بھی سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہونے والے گیم کا ریکارڈ سپر ماریو کے ہی نام تھا۔ گزشتہ سال فروری میں ہونے والی ایک نیلامی میں اسی گیم کی ایک اور سیلڈ کاپی ایک لاکھ 150 ڈالرز کے عوض نیلام ہوئی تھی۔
حالیہ نیلامی امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں واقع 'ہیریٹیج آکشنز' نامی ایک نیلام گھر میں ہوئی ہے۔
ہیریٹیج آکشنز کی ویڈیو گیمز کی ڈائریکٹر ویلیری مکلیکی نے کہا ہے کہ 'سپر ماریو' کی طلب بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ اگر کوئی گیم اتنے مہنگے داموں فروخت ہو سکتا ہے تو وہ 'سپر ماریو' ہی ہوگا۔
سپر ماریو ایک پرانا گیم ہونے کے باوجود بچوں اور نوجوانوں میں اب بھی خاصا مقبول ہے۔ حالاں کہ اس گیم کے گرافکس آج کل کے دیگر گیمز کی طرح بہت زیادہ اچھے نہیں ہیں۔
یہ گیم جاپان کی ایک الیکٹرانکس اور ویڈیو گیم بنانے والی کمپنی 'نائن ٹینڈو' نے بنایا تھا جس میں انہوں نے کمپنی کے میسکوٹ ماریو کو دکھایا تھا۔ سن 1985 کے بعد سے اب تک اس گیم کے کئی ورژنز ریلیز ہو چکے ہیں جن میں نئے کرداروں کو بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
سپر ماریو گیم سیریز میں مشروم کی ایک سلطنت تخلیق کی گئی ہے جس کی شہزادی پرنسز ٹوڈسٹول ہے۔ اس شہزادی کو گیم کا ولن اغوا کر لیتا ہے جسے بچانے کے لیے ماریو نکلتا ہے۔ راستے میں بہت سی رکاوٹیں آتی ہیں جنہیں اچھل کر پار کرنا ہوتا ہے جب کہ راستے میں آنے والے کچھووں سے بچنا ہوتا ہے اور ان کے سروں پر کود کر مارنا ہوتا ہے۔
انوکھی بات یہ ہے کہ حالیہ نیلامی میں جس شخص نے یہ گیم خریدا ہے اس نے اپنا نام چھپانا بہتر سمجھا ہے۔ اس شخص کی شناخت یا نام ظاہر نہیں کی گئی جس نے یہ گیم سب سے زیادہ مہنگے داموں خرید لیا۔