سیاسی اور سماجی معاملات میں کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے والی بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے شادی کی تصدیق کی ہے۔
سوارا بھاسکر نے جمعرات کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک مسلمان سیاسی کارکن فہد ضرار سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔
فہد ضرار نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی شادی کی تصویر شیئر کی ہے۔
بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق سوارا بھاسکر اور فہد ضرار نے چھ جنوری 2023 کو عدالت میں 'اسپیشل میرج ایکٹ' کے تحت اپنی شادی درج کروائی تھی۔
فہد ضرار بھارت کی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی مہارسٹرا یونٹ کے یوتھ ونگ کے صدر ہیں۔
سوارا کی جانب سے شیئر کردہ ایک ویڈیو کے مطابق ان دونوں کی ملاقات بھارت میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران ہوئی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی فہد سے پہلے دوستی ہوئی جو بعد میں محبت میں تبدیل ہوگئی۔
سوارا بھاسکر نے اپنی ایک اور پوسٹ کے ذریعے بھارت کے 'اسپیشل میرج ایکٹ' کی حوضلہ افزائی کی جو دو مختلف مذہب کے ماننے والوں کے درمیان شادی کی اجازت دیتا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب دھوم دھام سے شادی کرنے کی تیاریاں کرنی ہیں۔
اداکارہ سوارا بھاسکر ویرے دی ویڈنگ، رانجھنا، پریم رتن دھم پایو سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس وائس آف امریکہ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ سیاسی اور سماجی معاملات پر آواز اٹھانے کی وجہ سے ان کا کریئر خاصا متاثر ہوا ہے لیکن وہ خاموش نہیں ہوئیں۔