کراچی میں سوائن فلو کا خطرہ، انتباہ جاری

فائل

کراچی میں سوائن فلو، جسے ’این ایچ ون‘ بھی کہا جاتا ہے کا متاثرہ مریض سامنے آنے کے بعد، اسے مخصوص وارڈ میں رکھا جائے؛ جبکہ، سرکاری اسپتالوں میں قائم انفلوئنزا کے لیب کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ آئسولیشن وارڈ بنانے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں

کراچی​ شہر میں سوائن فلو بیماری کے خطرے کے پیش نظر انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔ یہ الرٹ محکمہٴ صحت سندھ کی جانب سے کراچی بھر کے تمام اسپتالوں کو جاری کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے جس میں کراچی کےتمام نجی و سرکاری اسپتالوں کو ہدایات پر عمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ صوبہٴ پنجاب کے بعد سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سوائن فلو کے کیسز سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

صوبائی محکمہٴ صحت کے ڈائریکٹر، ظفر اعجاز نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ ’یہ الرٹ پنجاب میں سوائن فلو کے کیسز سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ محکمہٴ صحت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی بیماری سے قبل آگاہی اور احتیاطی تدابیر جاری کرے۔ اس کے لئے، سندھ کے شہر کراچی میں پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے‘۔

بقول اُن کے، 'سوائن فلو انسان سے انسان کو لگنے والی بیماری ہے۔ اس سے نمٹنے کے لئے ہمیں لوگوں کو آگاہی دینی ہوگی۔‘

اُنھوں نے کہا کہ کراچی ایسا شہر ہے جہاں ہر جگہ سے لوگ آتے ہیں۔ قبل اس سے کہ پنجاب کے بعد کوئی کیس کراچی میں سامنے آئے، ایسے میں یہ ضروری ہے کہ لوگوں کو اس بیماری کی علامات سے آگاہ کیا جائے‘۔

صوبائی محکمہٴ صحت کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق، کراچی میں سوائن فلو، جسے ’این ایچ ون‘ بھی کہا جاتا ہے کا متاثرہ مریض سامنے آنے کے بعد، اسے مخصوص وارڈ میں رکھا جائے؛ جبکہ، سرکاری اسپتالوں میں قائم انفلوئنزا کے لیب کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ آئسولیشن وارڈ بنانے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔

واضح ہو کہ دنیا بھر میں سوائن فلو کی بیماری سے جہاں درجنوں افراد کی اموات ہو چکی ہیں، وہیں پاکستان میں بھی اس بیماری سے متعدد اموات سامنے آچکی ہیں، جبکہ کئی افراد متاثر ہیں۔