ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پول اے کے میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 64 رنز سے ہرا دیا۔
اتوار کو سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آغاز میں آسٹریلیا کی دو وکٹیں صرف 41 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں۔ میکسویل کی شاندار سینچری، اسمتھ کے 72 اور کلارک کے 68 رنز کی بدولت آسٹریلیا سری لنکا کو 377 رنز کا ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہو گیا۔
میکسویل نے جارحانہ بیبٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں میں 102 رنز بنائے۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 376 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ملنگا اور پریرا نے دو، دو جب کہ میتھیوز، دلشن اور پراسانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
377 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے بلے باز آسٹریلیا کے باؤلروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 46.2 اوورز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے سنگاکارا 104، دلشن 62 اور چندیمل 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے فاکنر نے تین، اسٹارک اور جانسن نے دو، دو جب کہ واٹسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میکسویل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔