اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے شام کے لیے خصوصی سفارت کار کوفی عنان نے کہاہے کہ ملک میں فوج کے مزید استعمال سے صورت حال ابتر ہوجائے گی۔
کوفی عنان نے شام کے حالات پر یہ تبصرہ جمعرات کو قاہرہ میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی سے گفتگو کے دوران کیا۔
اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل اس ہفتے کے آخر میں شام کا دورہ کرنے والے ہیں۔
ایک اور خبر کے مطابق شام کے تیل کے نائب وزیر نے اپنے عہدے سے استعفی ٰ دے کر حزب اختلاف میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ شام کی حکومت ایک سال سےعوام کو دکھ اور تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دے رہی۔
گذشتہ سال مارچ میں حزب اختلاف کی تحریک شروع ہونے کے بعد سےحکومت سے الگ ہونے والے وہ اعلیٰ ترین عہدے دار ہیں۔
سیرین نیشنل کونسل کے سربراہ نے ان کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوسرے عہدے داروں سے بھی حزب اختلاف میں شمولیت کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو دمشق میں انسانی بھلائی کی امداد کے عالمی ادارے کی سربراہ ویلاری آموس نے وزارت ثقافت کے عہدے داروں سے ملاقات کی اور اب انسانی فلاح وبہبود کی سرگرمیوں سے متعلق نمائندوں کے ساتھ ان کے مذاکرات کی توقع کی جارہی ہے۔
انہوں نے بدھ کے روز نامہ نگاروں سے مختصربات چیت کی جس میں انہوں نے باغیوں کے مضبوط گڑھ حمص میں اپنے دورے کی تفصیلات بتائیں۔
آموس کی ایک ترجمان نے بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ عالمی ادارے کی سربراہ نے ڈسٹرک کے کئی حصوں میں مکمل تباہی کا منظر دیکھا۔