امریکی حمایت یافتہ فورسز نے منبج کا قبضہ بحال کر لیا

امریکہ کی حمایت یافتہ اس فورس نے دو سو سے زائد ان شہریوں کو بھی رہا کروا لیا ہے جنہیں داعش انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

سریئن ڈیموکریٹک فورسز" (ایس ڈی ایف) نے ترک سرحد کے قریب واقع شہر منبج کا قبضہ مکمل طور پر داعش سے واگزار کروا لیا ہے۔

ایس ڈی ایف نے خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کو بتایا کہ داعش کے آخری جنگجوؤں کے شہر سے نکل جانے کے بعد اب ان کی فورسز یہاں موجود ہیں۔

منبج کے قبضہ بحال ہونے کو داعش کی سرگرمیوں کے گڑھ کو ختم کرنے میں اتحادیوں کی کوششوں کا اہم سنگ میل قرار دیا تھا۔

منبج کا قبضہ بحال کروانے کے لیے ایس ڈی ایف نے امریکہ کی زیر قیادت اتحادی فورسز کے فضائی حملوں کی مدد سے 21 مئی کو کارروائی شروع کی تھی۔

امریکی اور اتحادی حکام ایک عرصے کو منبج کو دہشت گرد گروپ کا ایک کلیدی گڑھ تصور کرتے رہے ہیں۔

شہر اب سریئن ڈیموکریٹک فورسز کے کنٹرول میں ہے لیکن اسے مکمل طور پر محفوظ بنانے میں ابھی کچھ اور وقت درکار ہوگا۔

امریکی اور اتحادی حکام کا کہنا تھا کہ دوسرے ملکوں سے جنگجوؤں کو منبج لایا جاتا اور پھر مختلف کارروائیوں کے لیے انھیں یہیں سے بھیجا جاتا ہے۔