تائیوان: گیس پائپ لائن میں دھماکہ، 15 افراد ہلاک

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ انہیں لگا جیسے زلزلہ آگیا ہو۔

تائیوان میں شہری علاقے کو گیس فراہم کرنےو الی ایک پائپ لائن میں دھماکے سے کم از کم 15 افراد ہلاک اور لگ بھگ 250 زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ جمعرات کو جنوبی شہر کاؤہسیانگ میں پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونےو الوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل متاثرہ مقام پر زیرِ زمین نالیوں سے گیس کی شدید بو آرہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے جائے حادثہ پر ایک بڑا گڑھا پڑ گیا اور سڑک پر کھڑی کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ زیرِ زمین پائپ لائن سے گیس کے اخراج کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ انہیں لگا جیسے زلزلہ آگیا ہو۔ دھماکے سے متاثرہ مقام پر بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

کاؤہسیانگ کی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے 'ایمرجنسی سینٹر' قائم کردیا ہے جب کہ متاثرہ عمارتوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوجی دستے طلب کرلیے گئے ہیں۔