افغانستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے دو مختلف حملوں میں آٹھ افغان فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہو گئے جب کہ حکام نے شدت پسندوں کے بھاری جانی نقصان کا بھی بتایا ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کے مطابق طالبان نے جنوبی صوبہ قندھار کے ضلع شاہ کوٹ میں پیر کو دیر گئے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
حملے میں آٹھ فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوئے اور وزیری کے بقول لڑائی میں کم از کم دس حملہ آور مارے گئے جن کی لاشیں وہیں پڑی ہیں۔
ادھر مغربی صوبہ بادغیس کے گورنر انور اسحٰق زئی کا کہنا ہے کہ طالبان نے منگل کو علی الصبح ضلع مقر میں حملہ کیا جس میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاک کے بعد لڑائی میں شدت آئی اور سکیورٹی فورسز نے ان کے بقول 11 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے ان اضلاع میں فوج اور پولیس کے ہیڈکوارٹرز پر قبضہ کر لیا ہے۔
ان واقعات اور ان میں ہونے والی ہلاکتوں کی اصل تعداد کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
طالبان نے گزشتہ ماہ سے موسم بہار میں شروع کی گئی اپنی کارروائیوں کو تیز کیا ہے اور شدت پسند جنگ سے تباہ حال اس ملک کے مختلف حصوں میں مہلک حملے کر چکے ہیں۔
اتوار کو جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان نے حملہ کر کے چھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔