امریکہ میں بسنے والے پاکستانی کمیونٹی کے بہت سے افراد ایک کامیاب زندگی گذارہے ہیں جن میں شامل ہیں ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو کی دوسری بڑی کاؤنٹی کے چیف فنانشل آفیسر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے طارق ملہنس۔
وہ 70کی دہائی کے اوائل میں طارق پنجاب کے ایک گاؤں سے تعلیم کی غرض سے امریکہ آئے ۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے شکاگو شہر کی انتظامیہ میں ملازمت اختیار کی اور تین دہائیوں سے یہ سفر آج تک جاری ہے۔
تقریباً ایک سال پہلے طارق ملہنس امریکہ کی دوسری بڑی کاؤنٹی کک کاؤنٹی کے چیف فنانشل آفیسر مقرر کئے گئے۔ اس سے پہلے وہ شکاگو سٹی کے کمٹرولر بھی رہے ہیں۔ شکاگو شہر کک کاؤنٹی کا حصہ ہے ۔
پاکستان سے کک کاؤنٹی تک کے زندگی کے سفر میں طارق کی والدہ اور پولش ساس بھی شامل رہیں۔ مگر دو ٕمختلف ثقافتوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے دلچسپ تجربے اوران کے ساتھ گزارے ہوئے دن پورے خاندان کو اچھی طرح یاد ہیں۔
ان کے بیٹے پاکستانی ، پولش اور امریکی ثقافتوں کا امتزاج ہیں۔ مگر ماں باپ پر اعتماد ہیں کہ انہوں نے بچوں کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
طارق کے بچے اپنے والدین کی محنت اور ان کے پس منظر کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امریکہ آنے کے بعد انہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی ہوا لیکن وہ اسے ایک قصہ رفتہ سمجھتے ہیں ۔
کک کاؤنٹی کے پہلے پاکستانی یا مسلمان چیف فنانشل آفیسر طارق کا کہناہے کہ انہیں اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لئے کام کرنے پر فخر ہے ۔