کوئٹہ کے سریاب روڈ پر ایک مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 10 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
پیر کی شب ہونے والا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز شہر میں دور دور تک سنی گئی۔
جس جگہ دھماکا ہوا ہے وہ گنجان آباد علاقے میں موجود ایک لوکل بس ٹرمینل ہے جس کے باعث دھماکے کے وقت عام لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر موجود تھی۔
اطلاعات ہیں کہ متاثرہ بس میں 40 کے قریب مسافر سوار تھے جن کی اکثریت کا تعلق کوئٹہ شہر کے نواحی علاقوں سے تھا۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث اندیشہ ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
دھماکے سے بس اڈے پر موجود کئی گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے اور طبی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
صوبائی حکومت نے شہر کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔