بھارتی سنیماگھروں میں سات ہفتے تک دھوم مچانے کے بعد پاکستانی ہیرو علی ظفرکی مزاحیہ فلم "تیرے بن لادن "اب امریکا میں نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہے۔
نیویارک میں فرائیرزکلب کامیڈی فلم فیسٹیول شروع ہونے جارہا ہے جس کی افتتاحی فلموں میں تیرے بن لادن بھی شامل ہے۔ بھارت میں اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور سات ہفتے تک کوئی سنیما گھر ایسا نہیں تھا جس کے باہر ہاوٴس فل کا بورڈ نہ ٹانگا گیا ہو۔ بھارتی فلمی حلقے تو مزید ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اسے سال دوہزار دس کی بہترین کامیڈی فلم قرار دے رہے ہیں۔
تاہم پاکستانی ہیرو ہونے کے باوجود پاکستان میں اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔ پابندی کی بڑی وجہ فلم میں القاعدہ رہنما اسامہ بن کاکردار ہے۔حکام کو خدشہ تھا کہ اگر یہ فلم پاکستان میں ریلیز ہوئی تو انتہاپسند اسے نشانہ بناسکتے ہیں۔
فرائیرزکلب دراصل ایک فلمی انسٹی ٹیوٹ ہے جو انیس سو چار میں قائم ہوا تھا اور تب سے اب تک یہ باقاعدہ ممبرشپ کے تحت کام کررہا ہے۔ مارکس برادرز، فرانک سناترا اور بل کرسٹل جیسی عظیم ہستیاں کلب کی رکن ہیں۔اس بار فیسٹیول میں جیری لوئس کو لائیو ایچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔
" تیرے بن لادن "کے لئے یہ اعزاز قرار دیا جارہا ہے کہ اس بار اس فیسٹیول کا آغاز اسی فلم سے ہوگا۔ ایسا بہت ہی کم ہوا ہے جب بھارتی فلموں کو اس کے افتتاحی شو کے لئے منتخب کیا گیا ہو۔
فلم کے ہدایت کار ابھی شیک شرما ہیں جبکہ ہیرو کا کردار پاکستانی اداکار علی ظفر نے ادا کیا ہے ۔ یہ دو نوں شخصیات خود بھی فیسٹیول میں موجود ہوں گی۔
فلم میں علی ظفر کی اداکاری کو سراہاجارہا ہے اور ان کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے کئی بڑے بھارتی ڈائریکٹرز و پروڈیوسرز نے علی ظفر کو اپنی نئی فلموں میں اداکاری کی دعوت دی ہے ۔