برطانیہ: ملک بدری کے خلاف دو پاکستانیوں نے مقدمہ جیت لیا

برطانیہ میں جن دو پاکستانیوں کو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں گرفتارکیا تھا، انہوں نے اپنی ملک بدری کے خلاف مقدمہ جیت لیا ہے۔

برطانیہ کے امیگریشن سے متعلق خصوصی اپیل کمشن نے منگل کو روز یہ فیصلہ دیا کہ عابد نصیر اور احمد فراز خان اپنی حفاظت کے خطرے کے پیش نظر پاکستان واپس نہیں جاسکتے۔

لیکن عدالت نے زور دے کر کہا کہ وہ دونوں افراد قومی سلامتی کے لیے ایک خطرہ ہیں اور یہ کہ نصیر القاعدہ کا ایک رکن تھا۔

نصیر اور خان ، طالب علموں کے اس گروپ میں شامل تھے جسے گذشتہ سال برطانیہ میں انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیاتھا۔ ان دونوں طالب علموں پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیاتھا۔

برطانوی سیکرٹری داخلہ تھریسا مے نے کہا ہے کہ حکومت کو منگل کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ اب اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہاہے کہ یہ افراد کسی دہشت گرد سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔