ایمی ایوارڈز 2024: شوگن بہترین ڈرامہ اور ہیکس بہترین کامیڈی سیریز قرار

  • ایمی ایوارڈز میں بہترین ڈرامہ سیریز کے علاوہ 'شوگن' نے بہترین مرکزی اداکار و اداکارہ سمیت بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
  • بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ 'ہیکس' کے نام رہا۔
  • ہیکس سیریز نے گزشتہ برس بھی بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
  • 'شوگن' کی کہانی جیمز کلیول کے ناول سے اخذ کی گئی ہے جس میں 17ویں صدی میں جاپان میں اقتدار کی کشمکش سے متعلق حالات کو دکھایا گیا ہے۔
  • ایمی ایوارڈز کی تقریب اتوار کی شب لاس اینجلس میں منعقد کی گئی۔

ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے 'ایمی ایوارڈز' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اتوار کی شام تاریخی ڈرامہ سیریز 'شوگن' بہترین ڈرامہ جب کہ بہترین کامیڈی سیریز 'ہیکس' قرار پائی ہے۔

'شوگن' کی کہانی جیمز کلیول کے ناول سے اخذ کی گئی ہے جس میں 17ویں صدی میں جاپان میں اقتدار کی کشمکش کو دکھایا گیا ہے۔

یہ سیریز امریکی ٹیلی وژن 'ایف ایکس' اور اس کے اسٹریمنگ پلیٹ فارم 'ہولو' پر بھی ہو رہی ہے۔

بہترین ڈرامہ سیریز کے علاوہ 'شوگن' نے بہترین مرکزی اداکار و اداکارہ سمیت بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ 'ہیکس' کے نام رہا۔ اس سیریز نے گزشتہ برس بھی بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

کامیڈی سیریز 'دی بیئر' بھی اتوار کی شام نمایاں رہی جس نے بہترین مرکزی اداکار (کامیڈی سیریز)، بہترین ہدایت کاری (کامیڈی سیریز) اور بہترین معاون اداکار و اداکارہ (کامیڈی سیریز) جیسے چار ایوارڈز حاصل کیے۔

'دی بیئر' بھی 'ایف ایکس' ٹیلی وژن نیٹ ورک کی ہی سیریز ہے جس نے ایمی ایوارڈ 2024 کے لیے 23 نامزدگیاں حاصل کی تھیں۔

اس کے علاوہ 'بے بی رین ڈیئر' نے بھی چار ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔

ایمی ایوارڈز 2024 کی چند نمایاں کیٹیگریز کے فاتحین کی فہرست۔

بہترین ڈرامہ سیریز

بہترین ڈرامہ سیریز 'شوگن' قرار پائی۔

اس کیٹیگری کے لیے دی کراؤن، فال آؤٹ، دی گلڈڈ ایج، دی مارننگ شو اور مسٹر اینڈ مسز اسمتھ نامزد تھی۔

بہترین کامیڈی سیریز

بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ 'ہیکس' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری کے لیے ایبٹ ایلی مینٹری، دی بیئر، کرب یور اینتھوزیئزم، اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ، پام رائل، ریزرویشن ڈوگز اور واٹ وی ڈو ان دی شیڈو نے نامزدگی حاصل کی تھی۔

بہترین مرکزی اداکار (ڈرامہ)

ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین مرکزی اداکار کا ایوارڈ 'شوگن' کے ہیرو یوکی سینیڈا کے نام رہا۔

اس کیٹیگری کے لیے سیریز ہائی جیک کے اداکار ادریس البا، مسٹر اینڈ مسز اسمتھ کے ڈونلڈ گلوور، فال آؤٹ کے والٹن گوگنز، سلو ہارسز کے گیری اولڈ مین اور دی کراؤن کے ڈومینیک ویسٹ نامزد تھے۔

بہترین مرکزی اداکارہ (ڈرامہ)

ڈرامہ سیریز کے لیے بہترین مرکزی اداکارہ کا ایوارڈ 'شوگن' کی اداکارہ اینا سوائی نے حاصل کیا۔

اس کیٹیگری میں ان کے علاوہ دی مارننگ شو کی اداکارہ جینیفر اینسٹن، دی گلڈڈ ایج کی کیری کون، مسٹر اینڈ مسز اسمتھ کی مایا ایرسکن، دی کراؤن کی ایملڈا اسانٹن اور دی مارننگ شو کی ریز وتھراسپون نامزد تھیں۔

بہترین مرکزی اداکار (کامیڈی)

کامیڈی سیریز کے لیے بہترین مرکزی اداکار کا ایوارڈ 'دی بیئر' کے جرمی ایلن وائٹ کے نام رہا۔

اس کیٹیگری کے لیے واٹ وی ڈو ان دی شیڈو کے میٹ بیری،کرب یور اینتھوزیئزم کے لیری ڈیوڈ، اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ کے اسٹیون مارٹن، اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ کے مارٹن شارٹ اور ریزرویشن ڈاگز کے ڈی فیرو وون آ تائی کو نامزد کیا گیا تھا۔

بہترین مرکزی اداکارہ (کامیڈی)

کامیڈی سیریز کے لیے بہترین مرکزی اداکارہ کا ایوارڈ 'ہیکس' کی اداکارہ جین اسمارٹ نے اپنے نام کیا۔

کامیڈی سیریز کے لیے بہترین مرکزی اداکارہ کی کیٹیگری میں ایبٹ ایلی مینٹری کی کینتا برنسن، دی بیئر کی آیو ایڈیبری، اونلی مرڈرز ان دی بلڈنگ کی سیلینا گومیز، لوٹ کی مایا روڈولف اور پام رائل کی کرسٹین وگ نے نامزدگی حاصل کی تھی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔