رسائی کے لنکس

حوثی باغیوں کا یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ، کوئی نقصان نہیں ہوا


  • یمن سے فائر کیا گیا میزائل وسطی اسرائیل کے کھلے میدان میں گرا۔
  • ایران نواز حوثی باغیوں نے اسرائیل پر میزائل حملے کی ذمے داری قبول کی ہے اور اسے ’شروعات‘ قرار دیا ہے۔
  • اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ویب ڈیسک __یمن کے ایران نواز حوثیوں نے اسرائیل پر زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل فائر کیا ہے جو وسطی اسرائیل کے غیر آباد علاقے میں گرا اور اسرائیلی فوج کے مطابق اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔

اتوار کی صبح تل ابیت اور وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائل گرنے سے قبل سائرن بجا کر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے خبردار کیا گیا تھا۔

اسرائیل کی فوج کے مطابق زمین سے زمین پر مار کرنے والا یہ میزائل مشرقی جانب سے وسطی اسرائیل کے کھلے علاقے میں گرا۔

اس سے قبل ہی سائرن بجا کر شہریوں کو خبردار کردیا گیا تھا۔ فوج کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

سائرن بجنے کے بعد علاقے میں زور دار دھماکے سنائی دیے جو اسرائیلی فوج کے بقول یہ میزائل کی نشاندہی کے بعد لانچ کیے گئے انٹرسیپٹرز کی آوازیں تھیں۔

فوج کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی شہریوں کے لیے حفاظتی تدابیر سے متعلق جاری کردہ ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

حوثیوں کے نائب ترجمان نصر الدین عامر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ یمن سے داغا گیا میزائل 20 بار انٹرسپیٹ کی ناکامی کے بعد وسطی اسرائیل پہنچنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر میزائل حملہ’شروعات‘ ہے۔

حوثی باغیوں نے اس کارروائی کی مزید تفصیلات بھی سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کا حملہ بظاہر ایسی پہلی کارروائی ہے جس میں یمن کے ایران نواز حوثیوں کا داغا گیا میزائل اسرائیل کے فضائی حدود میں اندر تک پہنچا ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع ہونے والی غزہ کی جنگ کے دوران حوثیوں نے کئی بار اسرائیل پر میزائل فائر کیے ہیں۔ وہ ان کارروائیوں کو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی قرار دیتے رہے ہیں۔

تاہم اسرائیل نے ایسے اکثر میزائل اپنی حدود میں پہنچنے سے قبل ہی مار گرائے تھے۔

مارچ میں ایک یمنی میزائل بحیرۂ احمر میں اسرائیلی بندرگاہ ایلات کے قریب ایک کھلے میدان میں گرا تھا۔

رواں برس جولائی میں حوثیوں نے تل ابیب پر ایک ڈرون حملہ کیا تھا جس سے ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔

یہ تل ابیب پر اپنی نوعیت کا پہلا بیرونی ڈرون حملہ تھا جس کے ردِ عمل میں اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں چھ ہلاکتیں ہوئیں اور 80 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے مزید بتایا ہے کہ اتوار کو لبنان کی جانب سے اسرائیل پر 40 میزائل فائر کیے گئے یا تو تباہ کر دیا گیا یا وہ کھلے میدانوں میں گرے ۔

فوج کے بقول اس کارروائی میں بھی کوئی زخمی نہیں ہوا۔

اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹر‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG