تھائی لینڈ: کرفیو میں چار راتوں کی توسیع

تھائی لینڈ: کرفیو میں چار راتوں کی توسیع

تھائی لینڈ کی کابینہ نے بنکاک اور ملک کے 23 صوبوں میں مزید چارراتوں کے لیے کرفیومیں توسیع کردی ہے۔

عہدےد اروں نے کہا ہے کہ کابینہ کے ارکان نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے عہدے داروں کی جانب سے ہفتے بھر کے کرفیوکی پیر روز دی جانے والی تجویز پر عمل نہیں کیا کیونکہ وہ عام لوگوں پر اس کے اثرات کو کم سے کم کرنا چاہتے ہیں۔

عہدے داروں نے مارچ کے وسط میں حزب اختلاف کے سرخ پوش مظاہرین کی جانب سے بنکاک کے تجارتی مرکز پر قبضہ شروع ہونے کے بعد سے پہلی بار پیر کے روز وہاں کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھولا۔

بنکاک کے ہزاروں رہائشیوں نے مظاہروں کے سابقہ مرکز کی صفائی میں حصہ لیا۔ سکیورٹی فورسز نے گذشتہ ہفتے ایک مہلک فوجی کارروائی کے ذریعے علاقے کو ہزاروں سرخ پوشوں سے خالی کرایاتھا۔ اس دوران مظاہرین نے اپنی جوابی کارروائی میں لوٹ مار کی اور عمارتوں کو آگ لگائی۔

عہدے داروں نے کہا ہے کہ مظاہروں سے منسلک تشدد میں کم ازکم 88 افراد ہلاک اور تقریباً 1900 زخمی ہوئے۔