تھائی لینڈ میں بارشوں کے باعث بپھرے ہوئے دریائے چاؤ پھرایا میں پیر کو پانی بلند ترین سطح سے گزر گیا، جس سے ان امیدوں کو تقویت مل رہی ہے کہ مرکزی بنکاک سیلاب سے محفوظ رہے گا۔
یہ سیلاب پہلے ہی شہر کے شمالی اور مغربی مضافات میں بہت سے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔
وزیراعظم ینگ لک شیناوترا کا کہنا تھا کہ حکومت اب اپنی توجہ شہر میں نقصان زدہ پشتوں کی مرمت پر مرکوز کیے ہوئے ہے جہاں سے اب بھی پانی رِس رہا ہے۔ ان کے بقول اس مرمت کے بعد لوگ مطمئین ہونا شروع ہو جائیں گے۔
تاہم ان پشتوں کے باہر واقع آبادی کے مکین اب بھی اپنے گلی محلوں میں آنے والے پانی کے باعث شدید اضطراب کا شکار ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لاکھوں افراد بلند مقامات کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔
جولائی میں شروع ہونے والا سیلاب 50 سالوں میں ملک میں آنے والا شدید ترین سیلاب ہے اور اس میں 380 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مالی نقصانات کا اندازہ لگانا ابھی باقی ہے۔