تھائی لینڈ میں حکام کی طرف سے سیلاب کے انتباہ کے بعد پیر کو دارالحکومت بنکاک سے لوگوں نے بلند مقامات کی طرف منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔
بنکاک کے گورنر نے اتوار کو رات دیر گئے کہا تھا کہ عمر رسیدہ اور بیمار افراد کو ہنگامی پناہ گاہوں میں منتقل ہو جانا چاہیئے جب کہ دیگر لوگ اپنے سامان کے ساتھ بلند مقام پر چلے جانا چاہیئے۔
پیر کی صبح شہر کی گلیوں، پرانے ڈان میانگ ہوائی اڈے اور امدادی سرگرمیوں کے ایک مرکز میں پانی داخل ہونا شروع ہو گیا تھا۔
ایک رضا کار نے بتایا کہ پانی کی سطح ڈرامائی انداز میں بلند ہوتی جا رہی ہے جو اب تک 60 سینٹی میٹر تک پہنچ چکی ہے۔
دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں کاروباری اور تجارتی مراکز میں گزشتہ ایک ہفتے سے تین میٹر تک پانی کھڑا ہے اور حکام کے بقول پانی کی سطح کم ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔