تھائى لینڈ میں حکومت کے مخالف احتجاجی مظاہرین نے مصالحت کے لیے وزیرِ اعظم ابھیشِٹ وِیجا جیوا کے مجوزہ منصوبے پر رضامندی کے باوجود، بنکاک کے وسط میں شہر کے سب سے اہم کاروباری علاقے میں آٹھ ہفتوں سے جاری اپنے مظاہروں کو ختم کرنے کا کوئى عِندیہ ظاہر نہیں کیا۔
سرخ پوشوں نے بدھ کے روز اپنے مورچہ بند پڑاؤ میں مقبولِ عام شاہ بُھومی بول ادُلیادیج کی تاج پوشی کی 60 ویں سالگرہ کے مو قعے پر ایک جشنِ تاج پوشی کا اہتمام کیا۔
اس موقعے پر سرکاری تقریب میں شرکت کے لیے شاہ بُھومی بول ایک ہسپتال سے بڑے محل تک گئے ۔ اُن کے راستے میں سڑک کے دونوں جانب لوگوں نے بھاری تعداد میں جمع ہوکر شاہ کا استقبال کیا۔82 سالہ شاہ پھیپھڑے کے کسی عارضے کے علاج کے لیے گذشتہ ستمبر سے ہسپتال میں ہیں۔
سرخ پوشوں کے لیڈروں نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ سیاسی محاذ آرائى کو ختم کرنے کے لیے مسٹر ابھیشِٹ کے منصوبے پر اصولی طور پر رضامند ہوگئے ہیں۔لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے کہ الیکشن سے متعلق عہدے دار الیکشن کے لیے کوئى تاریخ مقرر کریں، وزیر اعظم پارلیمنٹ کو برخواست کرنے کی کوئى حتمی تاریخ طے کردیں۔