سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں عقیدت مند پیرکے روز پوپ بینیڈکٹ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں جہاں ان کا جسد خاکی رکھا گیا ہے
کچھ عقیدت مندگھنٹوں تک دروازے کے کھلنے کا انتظار کر تے رہے ۔
35 سالہ فلیپو ٹوکیو نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ بینیڈکٹ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے وینس سے رات بھر کا ٹرین کا سفر کر کے آئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آنجہانی بینیڈکٹ کی شخصیت ، میرے لیے بہت اہم تھی۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں، میرے سوچنے کا انداز، میری اقدار سب انہی کا عطیہ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ میں آج انہیں الوداع کہنے کے لیے اتنی دور سے آیا ہوں۔
روایتی سرخ پوشاک میں ملبوس بینیڈکٹ کا جسد خاکی بدھ تک سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں رکھا جائے گا اور ان کی آخری رسومات جمعرات کو ہوں گی۔
ویٹیکن نیوز ویب سائٹ کے مطابق جمعرات کو، پوپ فرانسس جدید تاریخ کے پہلے پوپ بن جائیں گے جو اپنے پیشرو کی آخری رسومات میں بطور پوپ صدارت کریں گے۔
پوپ بینیڈکٹ کا اصل نام جوزف ریٹزنگر تھا اور وہ جرمنی میں پیدا ہوئے تھے۔ جب وہ پوپ منتخب ہوئے تو ان کی عمر 78 برس تھی
پوپ بینیڈکٹ چھ سو برسوں میں پہلے ایسے پوپ تھے جنہوں نے ویٹیکن کے اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ لی ۔ اُنہوں نے سنہ 2005 سے لے کر 2013 تک کیتھولک چرچ کی سربراہی کی جس کے بعد وہ خرابی صحت کی وجہ سے اس عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
وہ سنہ 1415 میں پوپ گریگوری 12 کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے والے پہلے پوپ تھے۔
ریٹائرڈ پوپ تقریباً دس سال تک ویٹیکن ہی میں مقیم رہے۔
ان کے جانشین پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ وہ ان سے اکثر ملنے کے لیے جایا کرتے تھے۔
ریٹائرڈ پوپ کے پرسنل سیکرٹری آرچ بشپ جارج گانسوین ےبتایا کہ آخری لمحات میں بینیڈکٹ کے ساتھ صرف ایک نرس تھی۔میں وہاں موجود نہیں تھا لیکن نرس نے کچھ دیر بعد انھیں ان کے آخری الفاظ کے بارے میں بتایا،جو قابل فہم تھے ،اور جس کے بعد وہ خاموش ہو گئے
ویٹیکن نیوز نے بھی ان آخری الفاظ کے بارے میں رپورٹ کیا ہے کہ بینیڈکٹ نے ، اپنی موت سے کچھ دیر قبل کہا کہ ،اے خدا ،میں آپ سے محبت کرتا ہوں ۔
پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، برطانیہ کے وزیرِ اعظم رشی سوناک، فرانس کے صدر ایمانوئیل میکراں، اٹلی کی وزیرِ اعظم جیورجیا میلونی، جرمنی کے چانسلر اولاف شولز، آئرلینڈ کے صدر مائیکل ڈی ہگنز اور آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی سمیت کئی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے آنجہانی بینیڈکٹ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں۔