بھارت، نیوزی لینڈ پہلا سیمی فائنل بارش کے باعث بدھ تک ملتوی

بارش شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے تک نیوزی لینڈ نے 46 اعشاریہ 1 اوورز میں 5 وکٹس کے نقصان پر 211 رنز بنالئے تھے۔ راس ٹیلر 67 اور لیتھم 3 رنز پر کھیل رہے تھے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلا جانے والا پہلا سیمی فائنل مسلسل بارش کے سبب بدھ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو میچ کا آغاز وہیں سے ہو گا جہاں منگل کو بارش کے سبب رکا تھا۔

بارش سے پہلے نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46 اعشاریہ ایک بال میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنا لیے تھے۔ راس ٹیلر 67 اور لیتھم 3 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم بارش کے باعث میچ کو یہیں روکنا پڑا اور کئی گھنٹوں تک بارش نہ رکنے کے بعد میچ کو کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

اگر میچ کل بھی نہ ہو سکا تو پھر بھارت کو کامیاب قرار دے دیا جائے گا کیوں کہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

دونوں ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جہاں اس کا مقابلہ دوسزے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم یعنی آسٹریلیا یا انگلینڈ میں سے کسی سے ہو گا۔ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو ہو گا۔

بھارت ساتویں مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچا ہے جب کہ نیوزی لینڈ 8 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ بھارت کو تین میچز میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ چھ میں ناکام اور صرف ایک میں کامیابی حاصل کر سکا ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور نکولس نے کیا جب کہ پہلا اوور بھونیشور کمار نے کرایا جس میں ایک بھی رن نہیں بنا۔

نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا تیسرے اوور کی چوتھی بال پر لگا جب صرف ایک رن کے اسکور پر مارٹن گپٹل بمراہ کی بال پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور بھی صرف ایک رنز تھا۔

مارٹن گپٹل کی جگہ ولیم سن بیٹنگ کرنے آئے۔ ادھر نکولس نے ابھی تک ایک رن بھی نہین بنایا تھا۔

ٹیم کا اسکور 69 رنز ہوا تو نیوزی لینڈ کے دوسرے کھلاڑی نکولس جڈیجا کی بال پر کلین بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 28 رنز بنائے۔ ان کی جگہ راس ٹیلر بیٹنگ کرنے آئے۔

ادھر 30 اوور میں ولیم سن 50 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئے لیکن جیسے ہی ان کا اسکور 134 رنز ہوا انہیں چہل نے اپنی بال پر جڈیجا کے ہاتھوں 67 رنز پر کیچ کرا دیا۔ ان کی جگہ نیشام کریز پر آئے۔

162 کے اسکور پر نیشام 12 رنز بنا کر پانڈیا کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی جگہ لی کولن ڈی ہوم گرینڈ نے، مگر وہ جلد ہی بھونیشور کمار کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 16 رنز بنائے۔

47 ویں اوور کی ابھی پہلی ہی بال کرائی گئی تھی کہ اسی دوران بارش شروع ہو گئی جس کے سبب کھیل روکنا پڑا۔

بھارتی ٹیم:
کے ایل راہول، روہت شرما، ویراٹ کوہلی ،رشبھ پنت، ایم ایس دھونی، دنیش کارتھک، ہاردک پانڈیا ،رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یوزویندر چہل، جسپریت بمراہ۔

ٹیم نیوزی لینڈ:
مارٹن گپٹل، ہینری نکولس، کین ولیم سن، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمس نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل سنٹنر، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ۔