نائیجیریا کے شمال میں واقع میدوگری شہر میں ایک خود کش حملے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ تین خود کش بمباروں نے کیا ہے۔
پولیس کمشنر نے ہفتہ کو بتایا کہ حملہ اس ریاست میں ہوا جو شدت پسند گروپ بوکو حرام کے عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں سے سب سے زیادہ متاثر رہی ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے بھی قبول نہیں کی ہے لیکن پرہجوم جگہوں پر خود کش حملے کرنا بوکو حرام کا وتیرہ رہا ہے اور ایسے واقعات میں یہ گروپ 2009ء کے بعد سے 20 ہزار افراد کو ہلاک کر چکا ہے جب کہ بدامنی کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں۔
بورنو ریاست کے پولیس کمشنر دامیئن چکوو نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی رات آٹھ بجے میدوگری شہر کے مرکز سے 20 کلومیٹر دور واقع ایک مچھلی مارکیٹ میں ہوا۔
اگرچہ حکومت اور فوج 2016ء سے یہ دعویٰ کرتے آ رہے ہیں کہ بوکو حرام کی باغی سرگرمیوں کو ختم کر دیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود خود کش حملے جاری ہیں۔